کراچی سے راولپنڈی آنے والی تیزگام ایکسپریس روہڑی اسٹیشن پر پٹری سے اتر گئی جس سے ٹریک پر تمام ریلز کی آمدورفت متاثر ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر لوکو شیڈ سے ایک کرین روانہ کی گئی ہے تاکہ پٹری سے اترنے والی بوگی کو فوری طور پر ٹریک پر بحال کیا جا سکے۔
ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کی وجہ سے اپ ٹریک بند ہوگیا ہے جس سے ریلوں کی آمدو رفت متاثر ہوئی ہے۔ کئی ٹرینوں کا شیڈول تاخیر کا شکار ہو گیا ہے جو کہ ٹرک پر سے بوگی کے اترنے سے اپنی منزل کی جانب روانہ نہیں ہوسکیں۔ رپورٹ کے مطابق بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کو بیگماجی اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے جبکہ شاہ حسین ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ٹریک کی بحالی اور ٹرین سروسز کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے مرمت کا کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس لاہور کے علاقے شاہدرہ کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برکت ٹاؤن کے قریب پیش آنے والا یہ حادثہ کسی بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا۔ ٹرین آبادی والے علاقے میں گرنے کے بجائے ایک پل کے بیچ میں پھنس گئی جس سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔