ایف آئی اے کی کارروائیاں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشہتاری ملزم سمیت 7 افراد گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائیاں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشہتاری ملزم سمیت 7 افراد گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کے شعبہ انسدادِ انسانی اسمگلنگ نے صوبہ پنجاب میں 2 مختلف کارروائیوں میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری ملزم سمیت 7 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

منگل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی لاہور سرکل کےترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے لاہور کے علاقے  بحریہ آرچرڈ میں خفیہ کارروائی کے دوران 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت طلعت رضوان اور خرم منیر کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان شہریوں سے بھاری رقم وصول کر کے ان کے ساتھ فراڈ کرتے تھے۔ ملزمان نے شہریوں کو ساؤتھ کوریا اور کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ دیکر ان سے 46 لاکھ بٹور لیے اور جب بیرون ملک بھجوانے میں ناکام ہوئے تو روپوش ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق گرفتارملزمان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر ایف آئی اے گجرانوالہ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک مبینہ اشتہاری ملزم سمیت 5 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد طارق، محمد فاروق، انضمام الحق، حیدر علی اور محمد کامران کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو سرگودھا، گجرانوالہ، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی کی جانب سے جاری معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ملزم انضمام الحق نے شہریوں کو دبئی بھیجنے کے جھانسے میں 14 لاکھ روپے بٹور لیے، گرفتار ملزم حیدر علی نے شکایت کنندہ کے بیٹے کو اٹلی بھجوانے کے لیے 8 لاکھ روپے حاصل کیے،  ملزم محمد کامران نے شہری کو یونان بھجوانے کے نام پر 23 لاکھ روپے بٹور لیے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد طارق محمود گزشتہ 8 سال سے اشتہاری ہے، ملزم محمد طارق سال 2016 سے مطلوب انسانی سمگلرز کی فہرست میں شامل ہے، ملزم نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کے عوض 4 لاکھ روپے وصول کیے۔ جبکہ ملزم محمد فاروق نے متعدد شہریوں کو غیر قانونی طور پر رومانیہ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 17 لاکھ روپے سے زیادہ رقم حاصل کی۔

ڈائریکٹر گوجرانوالہ سرکل عبدالقادر قمر نے بتایاہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *