پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی ٹی آئی) ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت ہے، پیپلزپارٹی حکومت کا محض ساتھ دے رہی ہے، ہمارا اعتماد حکومت سازی کے وقت اس سطح پر تھا نہ آج اس نہج پر ہے کہ پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ بنے، پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سازی کی دعوت ہی نہیں دی۔
منگل کو صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا حکومت کے ساتھ سیاسی ساتھ سب کے سامنے ہے، حکومت کے ساتھ بیٹھنے اور ووٹ دینے کے لیے ہمارے کچھ نکات ہیں، جو وزیراعظم نے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وزیراعظم اپنی ٹیم کے ممبران چاہے وہ صوبے کے ہوں یا وفاق کے ہوں، انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کل کی ملاقات میں بتایا ہے کہ جہاں جہاں گنجائش تھی وہاں ہم نے مل کربہت کچھ حاصل کیا ہے، وزیراعظم نے اپنی ٹیم ممبران کو یہ بھی بتایا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے حوالے سے کوئی شکایات نہیں آنی چاہیں۔ اس لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا ساتھ چلتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس وقت ملک کی تیسری بڑی جماعت ہیں، اگر ہم اتنا محفوظ ہوتے، مطمئن ہوتے یا حکومت کا اتنا ساتھ دے رہے ہوتے توآج وزیر ہوتے، حکومت میں ضرور شامل ہوتے، میں خود یا پارٹی کے دیگر ورکر وزارتیں لے چکے ہوتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا اعتماد حکومت سازی کے وقت اس سطح پر تھا نہ ایک سال گزر جانے کے بعد اس نہج پر پہنچا ہے کہ پیپلز پارٹی اتحاد یا حکومت کا حصہ بنے تاہم ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ عوام کے مسائل کے حل میں بہتری آئی ہے، مہنگائی کم ہوئی ہے ملکی معیشت بہتر ہوئی ہے تو بحیثیت محب وطن پاکستانی میری ذمہ داری ہے کہ نہ صرف حکومت کی تائید کروں بلکہ اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دوسرے نمبرپرپاکستان تحریک انصاف تھی جوحکومت بنانے کی پوزیشن میں تھی، حکومت سازی کے لیے سب سے پہلی ذمہ داری پی ٹی آئی کی تھی اور پھر پاکستان مسلم لیگ ن کی ذمہ دری تھی، پی ٹی آئی نے تو ہمیں حکومت سازی کے لیے نہیں کہا لیکن دوسری جانب جن لوگوں نے اور ورکرز نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ان کا مطالبہ تھا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو۔
مسلم لیگ ن نے مہنگائی میں کمی لائی ہے جبکہ دوسری جانب کہہ رہے ہیں کہ صرف قیدی نمبر 420 کو رہا کرو، اس سے میرے ورکر، میرے کارکن کو کیا دلچسپی ہو سکتی ہے؟ اس صورت حال میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک تعمیری کردار ادا کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کہ لوئر ریپیریئن (پانی کا مسئلہ) سنگین مسئلہ ہے، پیپلزپارٹی اس پراپنا احتجاج جاری رکھے گی۔