سیکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 16 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے 104 یرغمالیوں کو رہا کروا کے مچھ ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا۔ بازیاب ہونیوالے مسافروں کو ریلیف ٹرین کے ذریعے مچھ اسٹیشن پہنچایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس حملہ میں 16 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے باعث دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری علاقے میں آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 104 یرغمال مسافروں کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے رہا کروا لیا ہے۔ رہا ہونے والوں میں 58 مرد، 31 عورتیں اور 15 بچے شامل ہیں۔ بازیاب ہونیوالے مسافروں کو ریلیف ٹرین کے ذریعے مچھ ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا گیا ہے۔ باقی مسافروں کی با حفاظت رہائی کے لئے سیکیورٹی فورسز کوشاں ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں نے حملہ کرکے 400 مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا، جس پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کے دہشت گرد، دہشت گرد اپنے بیرون ملک ہینڈلرز سے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں، انہوں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا گھیراؤ کیا اورشدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنائے جانےاورمشکل علاقہ ہونے کی وجہ سے پیچیدہ آپریشن انتہائی اختیاط سے کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ٹرین میں سوار 104 سے زائد یرغمال مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ بزدل دہشتگرد پہاڑوں کی جانب فرار ہوتے ہوئے کچھ لوگوں کو ساتھ بھی لے گئے۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کا پیچھا کررہی ہیں۔
جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ پر انڈین اور ملک دشمن سوشل میڈیا غیر معمولی طور پر متحرک رہا اور بزدلانہ حملہ ہونے کے وقت سے لے کر ہندوستانی میڈیا، ہندوستانی سوشل میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملکر مسلسل گمراہ کن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کرنے میں مصروف رہے۔ پروپیگنڈا اور فیک نیوز پھیلانے میں پرانی ویڈیوز، اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز، پرانی تصاویر، فیک وٹس ایپ پیغامات اور پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔
دہشت گردوں کا معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کے ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس آج صبح نو بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی تھی، جو ٹنل نمبر آٹھ پر رکی۔ دہشتگردوں نے سوا 1 بجے کے قریب حملہ کیا، جعفرایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی۔ حکام نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے، جس میں 430 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے ٹرین پر حملے کے دوران شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے واقعے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہوا۔ جعفرایکسپریس میں اکانومی کلاس میں 235 مسافروں کی ریزرویشن تھی۔ اے سی ایل میں 41 اور اے سی بی میں 24 مسافر تھے جبکہ اے سی سلیپر میں 6 مسافر سوار تھے۔
محکمہ ریلوے کے ترجمان شاہد رند کے مطابق کراچی سے کوئٹہ آنے والی بولان میل اورپشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی سبی پر روک دیا گیا تھا۔ سبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔