جعفر ایکسپریس حملہ، صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کی شدید مذمت

جعفر ایکسپریس حملہ، صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کی شدید مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سمیت اہم شخصیات نے جعفر ایکسپریس پر ہونیوالے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔

صدر مملکت کا بیان:

منگل کو اپنے بیان میں صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کاروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر اِنسانی اور مذموم عمل ہے۔مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اس کی روایات کے خلاف ہیں، بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں اور بچوں پر حملے کرنے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے۔ صدر مملکت نے جعفر ایکسپریس حملے میں زخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعاکی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا بیان:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈھاڈر، بولان پاس میں جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہی ہیں، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،دہشت گردوں کا رمضان المبارک کے پر امن اور بابرکت مہینے میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی واضح عکاسی ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے ان کا سدباب کر رہے ہیں، دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں۔

سکیورٹی فورسز بروقت کاروائی اور بہادری سے بزدل دہشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہت جلد اس آپریشن میں کامیاب ہونگے اور بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا رمضان المبارک کے پر امن اور بابرکت مہینے میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی واضح عکاسی ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بد امنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے،ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا بیان:

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس حملے سے متعلق کہا کہ یہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔ دشمن سن لے! بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ریاست پر حملہ ناقابلِ برداشت، قاتلوں کو چن چن کر ماریں گے۔ عوام خوفزدہ نہ ہوں، دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں، بچ کر کوئی نہیں جائے گا۔علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ قومی سلامتی پر حملہ ہے، بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں۔ قومی یکجہتی سے دشمنوں کی جڑیں کاٹ کر رکھ دیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *