وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے ’سی ایم ایجوکیشن کارڈ‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکیم کے تحت 80 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو ’سی ایم ایمیننس اسٹار کارڈ‘ انعام کے طور پر دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’سی ایم امیننس اسٹار کارڈ‘ کے علاوہ میٹرک اورفنی تعلیم کے لیے جدید ترین لیبز کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔ مزید برآں لاہور کے 338 اسکولوں میں انگریزی بولنے کی کلاسسز کے اجرا کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔
اسکولوں کے انفراسٹرکچر کی صورتحال سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اسکولوں میں پینے کے پانی، وائٹ واشنگ اور فرنیچر کی فراہمی کے لیے بھی 90 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو حب الوطنی اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کی اہمیت کے بارے میں تعلیم دینا ضروری ہے۔