وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب سے ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کے منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت اور روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنرمند افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت کی جس کے لیے ہنرمند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر بزنس کارڈز اور قرض فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی شعبے کے تعاون سے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ’اسکلز آن وہیل‘ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ’پلگ اینڈ پلے‘ کال سینٹر لانچنگ سسٹم سمیت کئی دیگر اسکیموں کی بھی منظوری دی۔ پہلے مرحلے میں 5 ہزار نوجوانوں کو کال سینٹر کی تربیت دی جائے گی۔ 6 ہفتوں کی تربیت کے بعد نوجوانوں کو ماہانہ 1 لاکھ روپے کی نوکریاں مل سکیں گی۔ اجلاس میں اسکلز کارڈ جاری کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق قائد اعظم بزنس پارک میں گارمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں 480 خواتین کو تربیت دی جائے گی۔ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو 20 ہزار روپے ماہانہ کے علاوہ پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ بڑے ٹیکسٹائل گروپوں میں طلبا کو نوکریاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ پنجاب نادر چٹھہ نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے تمام اداروں کو محکمہ کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ اسکلڈ پنجاب انیشی ایٹو کے تحت 4 ہزار نوجوانوں کی انٹرنیشنل آئی ٹی سرٹیفکیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی سرٹیفکیشن کورسز کے شرکا کی تعداد 10 ہزار تک بڑھانے پر زور دیا۔
ایک برطانوی ادارے کے تعاون سے 6 ماہ کی مفت مہمان نوازی کی تربیت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تربیت یافتہ نوجوانوں کی ملازمتوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ ہنرمندی کی ترقی کے پروگرام کے تحت 1600 ٹرانس جینڈر افراد کی تربیت مکمل کی گئی ہے۔
پروگرام کے تحت ٹیکسٹائل، میک اَپ اور بیک اسٹیج پروڈکشن کی تربیت حاصل کرنے والوں کو ماہانہ 8 ہزار روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔ ہنرمند نوجوانوں کے لیے بیرون ملک جاب پلیسمنٹ پروگرام بھی جاری ہے۔
شرکا کو بتایا گیا کہ دیہی خواتین کے لیے ڈیجیٹل پروگرام کے لیے 27,000 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جنہیں انگریزی زبان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کے ساتھ ساتھ مفت ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر فراہم کیے جائیں گے۔
پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈپارٹمنٹ کا ایک مربوط ڈیش بورڈ اپریل کے وسط تک فعال کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کے لیے تربیت اور جاب مارکیٹ فراہم کی جائے گی۔ باصلاحیت نوجوانوں میں ہنر مندی کو فروغ دے کر ہی خوشحالی کی راہ پر چلنا ممکن ہوگا۔ ہنر مند نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہنر مند نوجوانوں کی تربیت اور جاب پلیسمنٹ کے لیے ہینڈ ٹو ہینڈ سپورٹ فراہم کرے گی۔