جعفر ایکسپریس واقعہ : پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکائونٹس سے منفی پراپیگنڈا کیا گیا، خواجہ آصف

جعفر ایکسپریس واقعہ : پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکائونٹس سے منفی پراپیگنڈا کیا گیا، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جعفر ایکسپریس واقعہ پر کہا ہے کہ یہ واقعہ افسوسناک تھا، لیکن افواج پاکستان نے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے کم سے کم نقصان میں بہترین کارکردگی دکھائی اور بڑے نقصان سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑنے سے انکار کیا۔ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکائونٹس سے منفی پراپیگنڈا کیا گیا،ساری قوم جانتی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور پاک فوج کا عزم ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، چاہے دہشت گرد کہاں سے بھی آئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور رہے گی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات ہوگی تاکہ مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں جو دباؤ تھا، اس کے بعد پاک افواج نے جس کردار کا مظاہرہ کیا، وہ اپنی نوعیت میں بے مثال ہے۔ افواج پاکستان نے بچوں، خواتین، اور مسافروں کو بازیاب کرایا، اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تاریخ رقم کی گئی، جو ایک سنہرا باب بن گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ پر پوری قوم فخر کر سکتی ہے، اور پاک فوج اور حکومت کا عزم ہے کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوشل میڈیا ٹیم نے فوج کی کامیابی کے بجائے کہا کہ دہشت گردوں نے خود لوگوں کو چھوڑا۔ ان کے دعووں کو قوم نے دیکھا ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے جعفر ایکسپریس واقعہ پر ٹویٹ کیا کہ دہشت گردوں نے بارہ گھنٹے پہلے مغویوں کو چھوڑا، جس پر وزیر دفاع نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو مسلح افواج کے سربراہ پر تنقید کرتے ہیں اور مارشل لاء کی حمایت کرتے ہیں۔ عمران خان نے مشرف کا ساتھ دیا اور باجوہ کو ساری عمر کی توسیع دینے کا وعدہ کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ انہوں نے ماضی میں الیکشن کمیشن کے ممبران نہیں لگائے گئے،اپوزیشن لیڈر ماضی بھول جاتے ہیں،آج انہیں اوجھڑی کیمپ یاد آ رہا ہے، مشرف کے وقت سب سے زیادہ آئی پی پیز لگے ،اس وقت یہ وزیر تھے لیکن ان کو پتہ نہیں لگا۔

پی ٹی آئی کے آفیشل اکاونٹ سے لکھا گیا کہ 100بندے شہید ہوئے، انہوں نےتنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن کی پنیری مارشل لاء میں لگی ،وہ طعنے دیتے ہیں ، ایوب خان میرا رشتہ دار نہیں تھا ، بلوچستان کی کرائسز کا آغاز ایوب خان کے وقت میں ہوا ، بلوچ سرداروں کو واپس لایا گیا تو ایوب خان نے پھانسی چڑھا یا گیا، پاکستان کے وجود پر یہ زخم ایوب نے لگائے ہیں۔ اس وقت بھی بلوچستان کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔

وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ آج پاکستان کی قوم دہشت گردی کے خلاف ایک متحدہ جنگ لڑ رہی ہے، اور اسے جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *