ملک میں بارش برسانے والا سسٹم آج داخل ہو جائے گا، اگلے تین دن مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش برسانے والا سسٹم آج رات پاکستان میں داخل ہوگا۔
بارش کا یہ سلسلہ 14 مارچ سے 16 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسلام ٓآباد میں آج رات بارش کا امکان ہے جبکہ کل بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وفاقی ملازمین کو بھی تنخواہیں قبل از وقت جاری کرنے کا فیصلہ
پنجاب ، خیبرپختونخوا، مری، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں موسم ابر آلود ہے جب کہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، بالائی و زیریں دیر، باجوڑ، ملاکنڈ اور دیگر علاقوں میں کہیں کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بعض علاقوں میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، بارشوں سے درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی آنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل بھی نو مارچ سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی تھی لیکن ملک کے صرف چند علاقوں میں ہی بارش اور برفباری ہوئی۔