قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ جنہوں نے سپاٹ فکسنگ کی وہ کھلاڑی ٹیم میں واپس آگئے اور کھیل رہے ہیں۔ مجھے اپنا کیس جیتنے کے باوجود کرکٹ سے دور کیا گیا۔
نجی ٹی وی میں میزبان سے گفتگو کے دوران عمر اکمل نے کہا کہ گوگل پر ایسے کرکٹرز کی لسٹ پڑی ہے اور ان کے نام بھی موجود ہیں لیکن میرا نام شامل نہیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم سے کافی عرصے سے دور رہنے والے عمر اکمل نے کہا ہے کہ ایسے کرکٹرز جوسپاٹ فکسنگ میں ملوث رہے یا پاکستان کے خلاف کچھ کیا ان پر چند ماہ کی پابندی لگی ۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ میرے بیٹے کو کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے لیکن میں نہیں چاہتا کہ وہ پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلے کیونکہ پی سی بی کو کھلاڑیوں کی عزت نہیں کرنا آتی۔ا نہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجھ پر ناجائز الزامات لگا کر میرے کیرئیر کےسات سال ضائع کئے، میرے ساتھ اس طرح کا بُرا سلوک کیا گیا ہے تو میں نہیں چاہوں گا کہ میرے بیٹے کیساتھ بھی ایسا ہو۔
عمر اکمل نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا پاکستان کے بجائے کسی ایسے ملک کیلئے کرکٹ کھیلے جہاں کرکٹ اور کرکٹرز کی عزت کی جاتی ہو۔ا نہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے دوبارہ کھیلنے کا چانس نہیں دیا گیا، چونکہ میں اپنے خلاف دائر کئے گئے کیس جیت گیا تھا، یہ چیز پی سی بی میں بیٹھے لوگوں سے برداشت نہیں ہوئی کہ کل کا بچہ آیا اور ہم سے کیس جیت کر چلا گیا۔