گلگت بلتستان میں دنیاکے نایاب ترین چار برفانی چیتوں کا ایک ساتھ مارچ ، دلفریب منظر وائرل ہوگیا۔
برفانی چیتوں کا مسکن بلند و بالا برف سے ڈھکے پہاڑوں میں ہوتا ہے، یہ ایشیا میں دو ملین مربع کلومیٹر میں پائے جاتے ہیں۔ اس جانور کا مسکن درختوں سے اوپر کے علاقے میں ہوتا ہے، حال ہی میں گلگت بلتستان کے علاقے میں دنیا کے نایاب ترین چار برفانی چیتوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا ۔
یہ ویڈیو 12 مارچ کو گلگت بلتستان وائلڈ لائف کے افسر سخاوت نے پیٹرولنگ کے دوران گھانچے K2 کے قریب بنائی اور ویڈیو میں چار خوبصورت برفانی چیتوں کو ایک قطار میں خراماں خراماں چلتے دیکھا جاسکتا ہے یہ یقینا ایک حیران کن اور پہلی بار دیکھا جانیوالا منظر ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا ۔
خیال رہے کہ چند دہائیوں قبل برفانی چیتا سوات اور دیر کے علاقوں میں بھی پایا جاتا تھا لیکن اب یہ صرف شمالی علاقہ جات میں غذر، ہنزہ، استور اور گھانچے کے علاقوں ہی میں پایا جاتا ہے۔