امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ لگتا ہے پاکستانیوں کے امریکی سفر پر مکمل پابندی نہیں لگے گی، اب امریکا میں صرف پاکستانی باشندوں کےویزے کے اجراء کو محدود کیا جارہا ہے۔
حسین حقانی نے پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر طنز کیا کہ امریکا میں بیٹھ کر پاکستان میں انقلاب لانے والوں کو اس مسئلے پر توجہ دینی چاہیے۔ ادھر سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید نے مجوزہ فہرست کو امریکی حکومت کا سیاسی فیصلہ قرار د یا۔
انہوں نے حکو مت پاکستان کو مشورہ دیا کہ پابندیاں لگنے کی صورت میں امریکیوں پر جوابی پابندیاں عائد کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ان 3 ممالک میں شامل ہے، جہا ں سے سب سے زیادہ غیر قانونی مہاجرین امریکا میں آتے ہیں، مگر بھارت کا نام مجوزہ فہرست میں کیوں شامل نہیں؟۔
علاوہ ازیں سابق سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ میری انفارمیشن کے مطابق پاکستانیوں پرامریکا میں داخلے پر سفری پابندیاں نہیں ہوں گی، لیکن ویزے ملنے میں سختی ضرور ہوگی۔