حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری(ایچ سی ایس ٹی ایس آئی) کے صدر محمد سلیم میمن نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرائس کنٹرول حکام سے کہا ہے کہ وہ رمضان المبارک میں مہنگائی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انتظامیہ غیر قانونی اور غیر ضروری جرمانے کرکے تاجروں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ محمد سلیم میمن نے واضح کیا کہ کئی مسلم اور غیر مسلم ممالک میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جاتی ہے تاکہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جاسکے، لیکن پاکستان کے حالات بلکل اس کے مترادف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا مسئلہ حکومت کی غفلت اور طلب اور رسد میں پایا جانے والا خلا ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت رمضان المبارک میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی مؤثر حکمت عملی اپنانے میں ناکام رہی ہے۔
سلیم میمن نے زور دیا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائی کرے اور اشیائے ضروریہ پر عوام کو سبسڈی مہیا کرے۔ انہوں نے سبزیوں، آلو، ٹماٹر، آٹا، چاول، چینی ، گھی،کوکنگ آئل، گوشت، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔