جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیس، مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب مفرور قرار

جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیس، مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب مفرور قرار

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو جوڈیشل کمپلیکس حملے سے متعلق مقدمات میں مفرور قرار دے دیا ہے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت کی، عدالت نے کیس میں واسق قیوم عباسی، راجہ بشارت اور دیگر غیر حاضر افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں، عدالت نے ملزمان کی پیشی کے بعد دونوں مقدمات کی مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف واقعے سے متعلق رمنا تھانے میں دو مقدمات درج ہیں، یہ کیس اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی پیشی کے دوران پیش آنے والے واقعات کے دوران پیش آیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے حامیوں پر الزام ہے کہ ان کی ایک بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں جمع ہوگئی تھی، جہاں انہوں نے سیکیورٹی رکاوٹیں ہٹا دیں، کمپلیکس کے داخلی دروازے کو نقصان پہنچایا اور عدالتی کارروائی میں خلل ڈالا ۔

واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے انسداد دہشتگردی ایکٹ (اے ٹی اے) کی دفعہ 7 اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 353 کے تحت ملوث افراد کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا، جو کار سرکار کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلق ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ منصوبہ بند تھا اور کچھ سیاسی شخصیات نے مبینہ طور پر ہجوم کو اکسایا تھا۔ متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیے گئے افراد سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف صوبوں میں چھاپے مارے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ میں صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کا سہرا پولیس فورسز کو جاتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *