وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے اسلام آباد میں جدید طرز کے جناح میڈیکل سینٹر کا آغاز کرنے جارہے ہیں، یہ میڈیکل سینٹر دوسرا جان ہاپکنز ثابت ہوگا۔
منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں گلگت بلتستان میں انسداد ہیپاٹائٹس سی کے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہیپاٹائٹس سی بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، عوام کو صحت سے متعلق بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلاٹ انسٹی ٹیوٹ کا قیام ہمارا خواب تھا جو ہم نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کی صورت میں پورا کیا، اس میں ڈاکٹر سعید اختر سمیت دیگر تمام شراکت داروں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ملک سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان شا اللہ اب اس حوالے سے اسلام آباد میں جناح میڈیکل سینٹر کے قیام کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، اس منصوبہ پر کام مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور ان کی حکومت نے جن کوششوں کا آغاز کیا ہے اس میں ان کی کارکردگی قابل ستائش ہے، وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس میں وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ان کی ٹیم اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور آغا خان فاؤنڈیشن کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کا کردار بھی لائق تحسین ہے، میں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔