گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ڈھکن چوروں نے کراچی میں کوئی کام نہیں کیا ۔
کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں سحری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پر بڑی بڑی باتیں کرتی ہے لیکن اس نے جعفر ایکسپریس واقعہ پر تعزیت تک نہیں کی، یہ جماعت قومی سلامتی کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئی، جس کا مقصد اپنے آقاؤں کو خوش کرنا تھا، یہ لوگ ہر طرح کی مراعات اور تنخواہیں تو لیتے ہیں، مگر قومی معاملات پر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیتے۔
انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بانی کو جیل سے باہر نہیں آنے دینا چاہتے اور اپنی پارٹی میں ”ڈھکن چور“ جمع کر رکھے ہیں، جنہوں نے کراچی میں کوئی کام نہیں کیا۔
کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم بھی پیسے لگائیں تو ہمیں بھی 2 ملین ویوز لینا آتے ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل میمز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میری جتنی مرضی میمز بنائی جائیں، کسی سے ڈرنے والے نہیں ہوں۔
گورنر سندھ نے سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت جو بڑے دعوے کرتی تھی، بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے سانحہ پر تعزیت نہیں کی، جو کہ افسوسناک ہے ، یہ جماعت پیسے کے بدلے سودے بازی کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے قومی سلامتی کی بیٹھک میں بائیکاٹ کیا تاکہ کسی اور کو خوش کیا جا سکے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک کے تحفظ اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ضروری ہے، اور وہ اپنے کارکنوں کو ہمیشہ آگاہ رکھتے ہیں کہ ہم سب کا مقصد عوامی مفاد ہے۔