لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے اہم کارندے افغان شہری کو پشاور سےگرفتار کر لیا گیا۔
انسداد انسانی سمگلنگ سرکل پشاور نے کاروائی کرتے ہوۓلیبیا کشتی حادثے 2025 میں ملوث بین الاقوامی گینگ کےاہم کارندہ کوگرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی شناخت نواب خان کے نام سے ہوئی، ملزم اور اس کے ساتھی افریقہ اور گلف ممالک سے انسانی سمگلنگ کا گینگ چلا رہے تھے۔ ملزم افغان شہری ہے جس نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا تھا۔
ملزم رواں ماہ لیبیا میں ہونے والے کشتی حادثے میں ملوث ہے ایف اٸی اے کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متعدد متاثرین کو یورپ بھجوانے کے لئے بھاری رقوم وصول کیں تھی، ملزمان نے شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔
تاہم کشتی حادثے میں خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے متعدد شہریوں کی موت واقع ہوئی تھی، ملزم کے موبائل فون سے ویڈیوز، تصاویر، میسیجز اور بینک ٹرانزیکشنز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے زیر استعمال بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا گیا ہے، جو قانونی کارروائی کے بعد منجمد کر دیے جائیں گے۔ جبکہ بیرون ملک مقیم ایجنٹس تک رسائی کے لیے مالیاتی و دیگر شواہد کی جانچ کی جاری ہے اورملزم کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔
ملزم کی شناخت کی تصدیق کے لیے نادرا سے ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ملزم کی جائیدادوں اور اس کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ملزم منی لانڈرنگ میں بھی ملوث پایا گیا جس کے لیے اینٹی منی لآنڈرنگ ونگ کو تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔