پشاور میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے گرفتار 2 دہشتگردوں کی ضمانت خارج کر دی۔
کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے دو گرفتار دہشتگردوں عزت اللہ اور فرید اللہ کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی۔ محکمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت پشاور نے مقدمہ علت 161/2024 میں پولیس چوکی، تنصیبات اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر خودکش حملہ کرنے کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں ملوث ملزمان عزت اللہ اور فرید اللہ کو ہینڈ گرنیڈ اور پستول سمیت گرفتار کیا تھا۔
سی ٹی ڈی پشاور نے اپنے ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کئے جس کی بدولت عدالت نے ان ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کے نئے پراسیکیوشن ونگ نے بھی اس کیس میں اہم کردار ادا کرکےکیس کی بھرپور پیروی کی جس کی بدولت ملزمان کی ضمانت مسترد کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔
خیبر پختونخوا پولیس چیف نے سی ٹی ڈی انوسٹیگیشن یونٹ اورپراسیکیوشن ونگ کی کامیاب کارکردگی پر ان کی تعریف کی اور مزید کہا کہ پولیس کے مختلف یونٹس، بشمول سی ٹی ڈی اور پراسیکیوشن ونگ کے مابین بہتر کوآرڈینیشن اور تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔