پاکستان کا سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ

پاکستان کا سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان کے مستقل نمائندہ منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے ایک اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل کو یقین ہے کہ سلامتی کونسل اس کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے قاصر رہے گی۔

منیر اکرم نے خبردار کیا کہ اگر اس وحشیانہ جنگ کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو دنیا کو ایک انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک جہنم بن جائے گی جہاں صرف تصادم اور تباہی ہی نظر آئے گی۔

پاکستانی نمائندے نے اسرائیل کی جانب سے رہائشی عمارتوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے تمام اصولوں کو پامال کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی کو مغربی کنارے تک پھیلا دیا ہے، اور فوجی کارروائیاں فلسطینیوں کو مغربی کنارے سے بے دخل کرنے کے منصوبے کا حصہ ہیں۔

پاکستانی نمائندے نے اسرائیلی ناکہ بندی کی طرف توجہ دلائی، جس کی وجہ سے غزہ کی 90 فیصد سے زیادہ آبادی بھوک کا شکار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امدادی تنظیموں کو فوری رسائی دی جائے تاکہ فلسطینیوں کو فاقہ کشی سے بچایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *