بانی پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی پر صد ق دل سے معافی مانگ لیں تو رہائی ممکن ہوسکتی ہے، رانا ثناءاللہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی پر صد ق دل سے معافی مانگ لیں تو رہائی ممکن ہوسکتی ہے، رانا ثناءاللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کو نومئی کے واقعات پر معافی مانگنے سے مشروط قرا ر دیدیا۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں رہائی کے سوال پر جواب دیتے ہوئےرانا ثناءاللہ نے کہا کہ اگر بانی تحریک انصاف سچےدل سے معافی مانگ لیں تو ان کی رہائی ممکن ہے ۔ بانی پی ٹی آئی چور راستے کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں جو بظاہرنظر نہیں آرہا ۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں نہیں آنا تو انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے، رہنما (ن) لیگ رانا ثناءاللہ

رانا ثناء نے کہا کہ تبدیلی صرف جمہوری جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے تاہم ان کی رہائی سے متعلق حتمی فیصلہ عدالت کاہو گا ۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے مقدمات کی وجہ سے جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں حکومت کا اس معاملے میں کوئی عمل دخل نہیں ۔

ان کے قانونی معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں انہوں نےکہا کہ اگر عدالت انہیں رہا کرتی ہے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ۔ حکومت کسی بھی سیاسی رہنما کے خلاف انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی اور تمام قانونی معاملات کو آئین و قانون کے مطابق ہی نمٹایا جا رہا ہے۔

دوسری طرف پارٹی قیادت کی جانب سے عمران خان کی رہائی کیلئے قانونی اور سیاسی سطح پر کوششیں جاری ہیں ، پی ٹی آئی کے وکلاء مختلف کورٹس میں ان کی ضمانت کے لئے درخواستیں دائر کر رہے ہیں جبکہ سیاسی سطح پر بھی مذاکرات اور دیگر آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے کی گرفتاری کے بعد سے پارٹی کے اندرونی حلقوں میں بھی مختلف آرا ء سامنے آ رہی ہیں بعض رہنماؤں کا ماننا ہے کہ سابق  وزیراعظم کو سخت مؤقف برقرار رکھنا چاہیے، کچھ کا خیال ہے کہ سیاسی میدان میں واپسی کیلئے کسی نہ کسی حد تک لچک دکھانی ضروری ہے۔

رانا ثناءاللہ کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ اگر عمران خان اپنی سابقہ پالیسی پر نظرثانی کریں اور 9 مئی کے واقعات پر معذرت خواہانہ رویہ اپنائیں تو ان کیلئے سیاسی میدان میں کچھ گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی آرگنائزر ماہ رنگ بلوچ کوئٹہ جیل منتقل

ابھی یہ واضح نہیں کہ عمران خان اور ان کی جماعت اس پیشکش کو قبول کریں گے یا نہیں یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملکی سیاست میں غیر یقینی صور ت حال برقرار ہے اور تحریک انصاف مختلف مقدمات اور قانونی کارروائیوں سے نبرد آزما ہے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *