دو موٹرسائیکل سواروں کی بنوں کینٹ میں دراندازی کی کوشش پر سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی کارروائی سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق 24 مارچ 2025 کو دوپہر 1 بج کر 15 منٹ پربنوں کینٹ میں دو موٹر سائیکل سواروں نے در اندازی کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ 4 مارچ کو بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے کے بعد یہ سڑک مرمتی کاموں کی وجہ سے بند تھی اور یہ علاقہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عام آمد و رفت کے لیے ممنوع تھا اور وہاں سخت حفاظتی اقدامات نافذ تھے۔
سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے فوری طور پر موٹر سائیکل سواروں کو وارننگ دی اور انہیں رکنے کے لیے کہا لیکن انہوں نے سیکیورٹی کی ہدایات کو نظر انداز کیا۔ موٹر سائیکل نے دو رکاوٹیں توڑ کر حساس مقام کی طرف پیش قدمی جاری رکھی، جہاں چند ماہ قبل ایک خوفناک خود کش دھماکہ ہو چکا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے سیٹی بجا کر اور ہوائی فائرنگ کرکے آخری وارننگ دی لیکن اس کے باوجود وہ نہ رُکے۔
یہ عمل سیکیورٹی پروٹوکول کی صریح خلاف ورزی اور دشمن عناصر کی روایتی حکمت عملی کے عین مطابق تھا، جس کے باعث اہلکاروں کو کارروائی کرنا پڑی۔ جب تمام انتباہات کو نظر انداز کر دیا گیا تو سیکیورٹی اہلکار نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرا شخص زندہ گرفتار کر لیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور اعلیٰ سطحی شفاف تحقیقات جاری ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔