ہنگو: خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع اورکزئی میں گزشتہ ایک ماہ سے ہسپتالوں میں سروسز بند ہیں، جس کے نتیجے میں مقامی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور صحت کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
مقامی ذرائع کے مطابق ضلع اورکزئی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں او پی ڈی سروسز ایک ماہ سے بند ہیں جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اپر اورکزئی میں او پی ڈی، لیبارٹری، او ٹی اور دیگر تمام سروسز معطل ہیں۔ اس بندش کی وجہ سے لاتعداد قبائل صحت کی سہولتوں سے محروم ہو چکے ہیں۔
ہسپتال کے ڈاکٹر طارق نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ڈاکٹروں نے احتجاجاً سروسز بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تنخواہیں اور فنڈز فراہم نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔
اس صورت حال پر ضلع کے ڈپٹی کمشنر عرفان الدین نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد فنڈز جاری کر دیے جائیں گے اور صحت کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے عوام کو یقین دلایا کہ عید کے فوراً بعد ہسپتالوں کے لیے فنڈز جاری کر کے سروسز بحال کر دی جائیں گی۔