فیصل آباد میں موٹروے کے قریب پل کے نیچے شوہر کے سامنے خاتون کیساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر کے مطابق اجتماعی زیادتی کے واقعے میں تین ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔ مدعی نے ایک ملزم کی شناخت کرلی ہے جبکہ 2 ابھی تک نامعلوم ہیں۔ چار مختلف ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری پر کام کر رہی ہیں جلد ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق تھانہ ساندل بار کے علاقے میں موٹروے پل کے نیچے 25 مارچ کی شب 10 سے 11 بجے کے درمیان اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے میں تین افراد نے خاتون کو شوہر کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور موبائل فون و نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر میں متاثر شخص عدنان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کو زرعی یونیورسٹی ہاسٹل جھنگ روڈ سے گھر چک 62 ج ب چنن لیکر جارہاتھا۔ راستے میں موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روک کر لوٹ مار کی۔ ڈاکوؤں نے شہری کو درخت سے باندھ دیا اور خاتون کو کماد کےکھیت میں لیجا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس لے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں زیادتی اور ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ نمبر 339/25 درج کرکے قانونی کارروائی شروع کی۔
خیال رہے کہ ستمبر 2020 میں لاہور سے سیالکوٹ موٹروے پر گجرپورہ کے مقام 2 مسلح افراد نے خاتون کو اس وقت گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ پیٹرول ختم ہونے کی وجہ سے گاڑی بند ہونے پر مدد کی منتظر تھی۔ خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کے نتیجے میں عابد ملہی اور شفقت نامی افراد کو گرفتار کیا گیا اور 6 ماہ بعد انسداد دہشتگردی عدالت نے دونوں کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی تھی۔