فیصل آباد میں تھانہ ساندل بار کے علاقہ میں دوران ڈکیتی شہری کی بیوی کو جنسی حوس کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم علی شیر کو گرفتار کیا ہے۔
تھانہ ساندل بار کے ایس پی اقبال عابد حسین ظفر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ ساندل بار کے علاقہ میں ملزمان نے دوران ڈکیتی شہری کی بیوی کو جنسی حوس کا نشانہ بنایا، پولیس نے جدید وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزم علی شیر کو گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے دیگر 2 ساتھیوں عمر حیات اور فیصل کے ساتھ ہونے کا انکشاف کیا، ملزم علی شیر کو پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش بھی کر دیا گیا، مقدمہ میں نامزد دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ایس پی اقبال ظفر نے بتایا کہ پولیس نے 24 گھنٹوں میں ملزم کا سراغ لگایا اور گرفتار کیا، ملزم علی شیر نے ساتھیوں کے ہمراہ خاتون کے ریپ کا اعتراف کیا ہے، متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروایا گیا، میرٹ پر تفتیش جاری ہے، مقدمہ میں نامزد ملزم فیصل ڈکیتی راہزنی کے واقعات میں ملوث ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چنن کے گاؤں میں مریم آباد بستی کے قریب میاں بیوی کو روکا گیا تھا، خاتون کے چہرے کو چادر کے ساتھ ڈھانپ دیا اس لیے خاتون ملزمان کو پہچان نہیں سکی، ملزمان نے بعد میں آنے والے ملزم کو کہا کہ رانا موٹرسائیکل کی لائٹ بند کردے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم علی شیر عرف رانا کو بستی میں رانا کے نام سے جانتے ہیں، اسی بنا پر پولیس نے رانا علی شیر کو گرفتار کیا، خاتون کے کپڑوں پر داغ اور شواہد ملے ہیں تاہم ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔