میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے سے تباہی، ہلاکتیں ایک ہزار سے تجاوز کر گئیں

میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے سے تباہی،  ہلاکتیں ایک ہزار سے تجاوز کر گئیں

میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے ،  تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ بڑی بڑی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی حکومت کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 1,002 ہو گئی ہے، دو ہزار 376 زخمی ہیں جبکہ 30 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈلے کے قریب تھا اور جس کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تک تھی ، زلزلے میں متعدد رہائشی عمارتیں گر گئیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے جبکہ شہر کا انفرا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہو گیا۔

میانمار کی فوجی حکومت نے چھ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عالمی برادری اور تنظیموں سے مدد کی درخواست کی ہے۔

زلزلے میں ایک مسجد کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ہلاکتوں کی تعداد ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ تعداد ہزار سے 10 ہزار کے درمیان ہو سکتی ہے۔

ادھر بنکاک میں بھی فلک بوس عمارتیں لرز اٹھیں، لگژری ہوٹلز کی چھت پر بنے سوئمنگ پول کا پانی آبشار کی طرح زمین پر گرنے لگا۔

بنکاک میں زلزلے کے باعث 30 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی جس میں کم از کم 8 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ 100 سے زیادہ افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ میانمار وہ ملک ہے جہاں حالیہ کچھ برسوں میں کئی زلزلے آئے جن میں 2012 میں آنے والا چھ اعشاریہ آٹھ کا زلزلہ بھی شامل تھا جس میں 26 ہلاکتیں ہوئیں اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *