پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کا فائنل آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا، اس بڑے اور اہم مقابلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ شام6بجے تک اسٹیڈیم میں داخل ہو کر اپنی نشستیں سنبھال لیں تاکہ میچ کے آغاز پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے5 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 3لاکھ ڈالر دئیے جائیں گے، اس کے علاوہ بہترین ٹیم ڈیولپمنٹ پر متعلقہ فرنچائز کو دو لاکھ ڈالر کا خصوصی انعام بھی دیا جائے گا، جو اس لیگ میں کارکردگی اور بہتری کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
میچ سے قبل شام ساڑھے چھ بجے اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں مختلف ثقافتی رنگ، لائیو پرفارمنس اور دیگر تفریحی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی، اس تقریب کے ذریعے لیگ کے اس سیزن کو شاندار انداز میں اختتام تک پہنچایا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل میچ کے لیے میچ آفیشلز کا بھی اعلان کر دیا ہے، احسن رضا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے جبکہ الیگزینڈر وارف کو تیسرے امپائر اور آصف یعقوب کو چوتھے امپائر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، فائنل میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے روشن مہاناما میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے واضح ہدایت دی کہ کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے فول پروف اور مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ یہ اہم مقابلہ پرامن ماحول میں کامیابی سے مکمل ہو سکے۔