پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے تفصیلات میں بتایا ہے کہ امن و امان قائم کرنے والے اداروں نے کوئٹہ کے علاقے سریاب کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے، سریاب کے علاقے سے زیر زمین مدفون بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے تاہم اس میں ملوث کسی کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشتگردوں نے کوئٹہ شہر میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنایا ہے اور سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود جمع کر رکھا ہے۔ اس اطلاع پر سی ٹی ڈی نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب سے 20 کلو گرام بارودی سرنگ جس میں ریموٹ ڈیٹنیشن میکانزم نصب تھا ناکارہ بنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ زیر زمین دفن 50 کلو گرام ہائی گریڈ دھماکا خیز مواد، 5 دستی بم، پستول، ڈیٹونیٹرز، وائرنگ اور ٹرگرنگ آپریٹس برآمد کرکے قبضہ میں لے لیے ہیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ دہشتگرد آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران ایک بہت بڑے دہشتگردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن سی ٹی ڈی کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ اسلحہ و دھماکا خیز مواد فارنزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔