متحدہ عرب امارات کے ماہرین فلکیات کے مطابق عیدالاضحیٰ 6 جون 2025 کو بروز جمعہ منائی جانے کا امکان ہے۔
اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق ذو الحجہ کا چاند 27 مئی 2025 کی شام کو نظر آنے کی توقع ہے، جس کے بعد 28 مئی سے ذو الحجہ کا پہلا دن شروع ہو گا۔ چاند 7:02 صبح اماراتی وقت کے مطابق طلوع ہوگا اور سورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 38 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا، جس سے چاند کے نظر آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ چاند کی رویت عید کی متوقع تاریخ سے ہم آہنگ ہے۔ اماراتی سرکاری تعطیلات کے کیلنڈر کے مطابق یوم عرفہ اور عید الاضحیٰ کی تعطیلات 9 تا 12 ذو الحجہ 1445 ہجری ہوں گی، جو کہ چار روزہ چھٹیوں پر مشتمل ہوں گی۔ اگر عید جمعہ کو ہوئی تو عوام کو جمعرات اور جمعہ کی سرکاری تعطیلات کے بعد ہفتہ اور اتوار کا معمول کا ویک اینڈ بھی ملے گا، جس سے ایک طویل ویک اینڈ کا موقع ملے گا۔
پاکستان میں ابتدائی فلکیاتی حسابات کے مطابق عید الاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتہ منائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔ دنیا کے دیگر ممالک بھی مقامی چاند کی رویت کی بنیاد پر اپنی عید کی تاریخیں طے کریں گے، جس کے باعث مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں پر منائی جاسکتی ہے۔