راولپنڈی میں رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تیز ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 130 سے زائد افغان باشندوں کو تحویل میں لے لیا گیا، مجموعی تعداد 500 سےتجاوز کر گئی۔ تحویل میں لئے گئے افغان باشندوں کو سخت سیکورٹی میں کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز تحویل میں لے کر کمیپ منتقل کئے گئے افغان باشندوں کا دستاویزی پراسیس مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ دو روز میں افغانستان واپس بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ افغان سیٹیزن کارڈ کےحامل افراد کو کیمپ سے افغانستان بھجوایا جائے گا، آپریشن کے دوران کارڈ ہولڈر خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق افغان باشندوں کیخلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پرجاری رکھا جائے گا۔ افغان باشندوں کے خلاف آپریشن میں سپیشل برانچ سمیت دیگر اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے۔ افغان باشندوں کی نشاندہی کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔