پی ٹی آئی رہنمائوں میں اختلافات کی خبروں پر چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا اہم بیان آگیا۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف میں آمریت نہیں، ہمارے لوگ آزاد ہیں۔ تاہم پارٹی پلیٹ فارم پر بات ہونی چاہئے، ہم نے انہیں کہا ہے کہ پارٹی کی باتیں باہر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن اراکین کے ایک دوسرے سے اختلافات تھے، اب سیز فائر ہوچکی ہے۔ میری اسد قیصر اور تیمور جھگڑا سے بات ہوگئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی بات پر کمنٹ نہیں کرنا چاہتا، تیمور سلیم جھگڑا پر کرپشن کے کوئی الزامات نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عوام کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں فیصلے کرنے میں خود مختار نہیں ہوں، میں چئیرمین ضرور ہوں لیکن فیصلے کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے ہوتے ہیںاور ہمارے تمام فیصلے عمران خان سے پوچھ کر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے صرف قومی سلامتی کمیٹی میں جانے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم سیاسی کمیٹی نے مخالفت کر دی۔ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں عمران خان کو زوم پر لائیو لینا چاہیے تھا۔ ہمیں خود نہیں پتہ کہ عمران خان کیوں جیل میں ہیں۔ ہمارے ورکرز ہم سے مایوس ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے مراد سعید کی ٹویٹ ابھی نہیں دیکھی۔ ہمارا جو بھی احتجاج ہوگا وہ الائنس کے ذریعے ہوگا ، مولانا فضل الرحمٰن کو بھی آن بورڈ لے رہے ہیں،جے یو آئی میں بعض فیصلے مولانا فضل الرحمٰن بھی اکیلے نہیں لے سکتے، جے یو آئی میں بعض فیصلے مجلس عاملہ کرتی ہے۔