قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز سکور کرنے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔
بابر اعظم نے حالیہ سیریز میں 3 میچز کھیلے اور 43 کی اوسط سے 129 رنز بنائے، جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی بہترین انفرادی کارکردگی 78 رنز رہی، تاہم وہ کسی بھی میچ کو فنش نہ کر سکے اور پاکستان کو سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔بابر اعظم اب تک نیوزی لینڈ کے خلاف تینوں فارمیٹس میں 63 اننگز میں 2626 رنز اسکور کر چکے ہیںجبکہ جاوید میانداد 49 اننگز میں 2621 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ انضمام الحق 61 اننگز میں 2342 رنز کے ساتھ تیسرے، اور سلیم ملک 70 اننگز میں 2000 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
سیریز میں دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بات کی جائے تو فہیم اشرف نے 2 میچز میں 38 کی اوسط سے 76 رنز بنائے، سلمان علی آغا نے 3 میچز میں 26 کی اوسط سے 78 رنز اسکور کیے، عثمان خان نے 2 میچز میں 25.50 کی اوسط سے 51 رنز بنائے، اور کپتان محمد رضوان نے 3 میچز میں 24 کی اوسط سے 72 رنز حاصل کیے۔اس کے علاوہ عبداللہ شفیق نے تینوں میچز میں 72 رنز بنائے، نسیم شاہ نے ٹیل اینڈرز کے طور پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 میچز میں 68 رنز بنائے، جس میں ایک ففٹی بھی شامل تھی۔
طیب طاہر نے 15.66 کی اوسط سے 47 رنز بنائے، جب کہ سفیان مقیم نے 15 رنز بنائے۔بولنگ کے شعبے میں عاکف جاوید نے سب سے زیادہ 7 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 3 میچز میں 165 رنز کے عوض یہ کامیابیاں حاصل کیں۔ عرفان خان نے 51 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سفیان مقیم نے 2 میچز میں 78 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، اور حارث رئوف نے 20 اوورز میں 113 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 114 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، جبکہ فہیم اشرف اور محمد وسیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔