سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ سعودیہ کی سب سے بڑی عربیک فلم ’سیون ڈاگز‘ کی عکس بندی مکمل ہو چکی ہے، جسے ریاض کے علاقے الحسن میں واقع سب سے بڑے اسٹوڈیو ’بگ ٹائم‘میں فلمایا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں سعودی عرب کی انٹرٹینمٹنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی الشیخ نے لکھا کہ ’ سیون ڈاگز سعودی عرب کی تاریخ کی سب سے بڑی عربیک فلم ہے جس کی عکس بندی مکمل ہو چکی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ یہ فلم ریاض کے علاقے الحُسن کے سب سے بڑے اسٹوڈیو بِگ ٹائم میں فلمائی گئی ہے۔ اس فلم کا ٹائٹل ’سیون ڈاگز‘ رکھا گیا ہے جس میں عرب کے سب سے نامور اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
ان نامور اداکاروں میں کریم عبدل عزیز، احمد از اور نصیر القصابی شامل ہیں، اس کے علاوہ سید رجب، تارا عماد، سنڈے بیلا، ہنا الزاہد، ہالہ سیدکے اور مونا شالابی شامل ہیں۔ ترکی الشیخ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس کے علاوہ بھی اس فلم کی تیاری میں دنیا بھر سے مشہور اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے یہ فلم شائقین کے لیے ایک سرپرائز ثابت ہوگی۔
الشیخ نے مزید لکھا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ اس میں ہمارے نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا ہے اس سے ہم فلمی پروڈکشن میں مزید بہتری لے آئیں گے۔