وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ ہم اسٹارلنک کو جلد لائسنس دے دیں گے، نومبر یا دسمبر تک عوام کو اسٹارلنک مل جائیگا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی اور چئیرمین پی ٹی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹارلنک جون تک تمام چیزیں مکمل کرنے کا کہہ رہا تھا، ہم نے اسٹار لنک کو مئی تک کا وقت دیا ہے، اسٹار لنک کی پرائسنگ پر بھی بات ہوئی ہے اور کچھ چینی کمپنیوں نے بھی لائسنس کیلئے اپلائی کیا ہے۔
شزا فاطمہ نے مزید بتایا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کیلئے ٹیلی کام کمپنیوں کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا، یہ نہ ہوکہ جب فائیو جی شروع ہوتو کمپنیاں دیوالیہ ہوچکی ہوں گی۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے مزید کہا کہ اسپیکٹرم کی نیلامی میں انڈسٹری کی ہیلتھ کو بھی دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چئیرمین پی ٹی اے خود نیلامی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، ریونیو بھی کمانا ہےلیکن انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنانا ہے۔
اس موقع پر چئیرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ اسٹار لنک کو ہم نے ابھی عارضی لائسنس دیا ہے ، تمام مراحل پورے کرنے کے بعد اصل رجسٹریشن ہوگی۔