پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے پارٹی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اندرونی اختلافات کو مٹا کر اور ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے اور الزام تراشی کے کھیل سے باہر نکل کر جیلوں میں بند کارکنوں کی رہائی کے لیے بامعنی اور باعمل اقدامات پر توجہ مرکوز کرے۔
9 مئی 2023 کے فسادات کے سلسلے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو لوگ جیل میں ہیں وہ باہر پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’میں پی ٹی آئی کی جیلوں سے باہر قیادت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آپس میں اتحاد برقرار رکھیں اور اختلاف میں بھی شائستگی اختیار کریں اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کو ترک کر دیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی کے ساتھ اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ان اختلافات میں بھی شائستگی کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں قیدی نمبر 805 ہوں اور یہ نمبر مجھے براہ راست پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے دیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی پر خاموش رہنا پسند کریں گے کیونکہ ان کی ذمہ داری آگ بھڑکانا نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اسے بجھانا ہے۔