عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں چار سال کی سب سے کم سطح پر پہنچ گئیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق برینٹ فیوچر 60.44 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، برینٹ فیوچر کی قیمت میں 2.38 ڈالر یا 3.79 فیصد کی کمی آئی جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 57.12 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو کہ 2.46 ڈالر یا 4.13 فیصدکمی ہے۔
واضح رہے کہ برینٹ کے چھ ماہ کے اسپریڈ میں 79 سینٹ کی کمی آئی، جو نومبر کے بعد کی سب سے کم سطح ہے اور یہ اضافی فراہمی کی توقعات کو ظاہر کرتا ہے۔ اسپریڈ 15 جنوری کو 5.69 ڈالر کی بلند ترین سطح سے 86 فیصد کم ہو چکا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی آئی ہے، جس سے عالمی تجارتی جنگ کے اثرات اور ایندھن کی طلب میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
چین نے امریکی بلیک میلنگ کو رد کرتے ہوئے جواب دیا ہے، جس سے عالمی معیشت میں کساد بازاری کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ مزید برآںاوپیک پلس کی جانب سے مئی میں 411,000 بیرل یومیہ پیداوار بڑھانے کا فیصلہ بھی مارکیٹ میں اضافی سپلائی کا سبب بن سکتا ہے۔