لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے سموگ کے تدارک کے متعلق احکامات پر عملدرآمد کا معاملہ، محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو آگاہی نوٹس جاری کر دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کی جانب سے جاری آگاہی نوٹسز کے مطابق لاہور کے شہریوں کو آگاہ کیا گیاکہ گھروں میں پانی سے گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، خلاف ورزی کی صورت میں دس ہزار روپے جرمانہ اور قانونی کارروائی ہوگی۔
آگاہی نوٹس میں شہریوں سے پانی کے تحفظ کی بھی اپیل کی گئی ہے، آگاہی نوٹس کے متن کے مطابق پانی کی شدید قلت کے پیشِ نظر نل کے صاف پانی سے گاڑیاں دھونے پر فوری پابندی عائد کی گئی ہے۔ آگاہی نوٹس میں مزید کہا گیا کہ پابندی کا مقصد ہے کہ پانی کو انسانی ضروریات ، کھانا پکانے اور صفائی کیلئے محفوظ رکھا جاسکے۔
شہریوں سے گزارش کی گئی کہ گاڑیوں کو دھونے کیلئے متبادل طریقے استعمال کریں ۔ بالٹی میں جمع شدہ ،استعمال شدہ پانی استعمال کریں، پانی کو ری سائیکل کرنیوالے کارواش روم سینٹرز کا رُخ کیا جائے اور بغیر پانی کے صفائی کی مصنوعات استعمال کی جائیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ پانی کا تحفظ کیا جائے تاکہ اس قیمتی وسیلے کی حفاظت کی جاسکے، محکمہ ماحولیات کی کارکردگی کی رپور ٹ11اپریل کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش کی جائیگی۔