یورپی یونین نے بھی امریکا پر جوابی ٹیرف عائد کر دیا

یورپی یونین نے بھی امریکا پر جوابی ٹیرف عائد کر دیا

یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے خلاف پہلا بڑا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 20 ارب یورو سے زائد مالیت کی امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ یہ ٹیرف 25 فیصد تک ہوں گے اور 15 اپریل سے نافذ العمل ہوں گے۔ یہ اقدام امریکا کی طرف سے یورپی اسٹیل اور ایلومینیم پر عائد کردہ ڈیوٹیوں کا جواب ہے۔ یورپی یونین کے 27 میں سے 26 ممالک نے اس فیصلے کی حمایت کی جبکہ ہنگری نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ ٹیرف کے بعد پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ

جوابی ٹیرف کی زد میں آنے والی امریکی مصنوعات میں مرغی، چاول، مکئی، پھل، میوے، لکڑی، موٹرسائیکلیں، پلاسٹک، ٹیکسٹائل، پینٹنگز اور برقی آلات شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر مصنوعات امریکی ریاستوں میں تیار کی جاتی ہیں جو ری پبلکن اکثریت رکھتی ہیں۔

یورپی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدامات معاہدے کی صورت میں کسی وقت معطل کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ امریکا ایک منصفانہ اور متوازن تجارتی معاہدے پر رضامند ہو جائے۔ یورپی یونین نے امریکی ٹیرف کو غیر منصفانہ اور عالمی معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعہ مزید شدت اختیار کر رہا ہےاور چین نے بھی امریکی درآمدات پر 84 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے یورپی یونین سے گاڑیوں کی درآمد پر بھی 25 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہےاور گزشتہ ہفتے اعلان کیے گئے نئے ٹیرف کے تحت یورپی یونین پر مزید 20 فیصد ٹیرف بھی نافذ کیے گئے ہیں۔ یورپی یونین نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے تازہ ٹیرف کے جواب میں یورپی ردعمل اگلے ہفتے تک سامنے آسکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *