پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سخت بیانات دینے اور حکومت کے خلاف مزاحمتی سیاست ترک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی سنو نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کسی بھی قسم کی بات نہیں کریں گے اور ملک کی ترقی کی خاطر مثبت طریقے سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر گوہر علی خان کو حکومت کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کے آغاز کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت طریقے سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کو ہدایت کی ہے وہ خود بھی اور کارکنوں کو بھی کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز ویڈیو بیانات یا سوشل میڈیا پر ٹرولنگ سے سختی سے گریز کریں، عمران خان نے یہ بھی کہا ہے کہ اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی مہم کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سنو نیوز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر منفی باتیں کرنے والے اپنی کمائی کے لیے پارٹی کا استعمال کر رہے ہیں پی ٹی آئی کی قیادت اس کی قطعاً اجازت دے گی نہ ہی اس کی حامی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان نے مراد سعید کے بیانات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مراد سعید خود بھاگا ہوا ہے اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مسائل میں دھکیل رہا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے یہاں تک کہا ہے کہ مراد سعید کس حیثیت میں یہ کر رہا ہے کہ علیمہ خان منع کرنے کے باوجود یوٹیوبر سے گفتگو کرتی ہیں۔