سوئی گیس کمپنیوں نے اوگرا میں آئندہ مالی سال سے گیس مہنگی کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اوسطاً 735 روپے 59 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت گیس کی قیمت میں 2443 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے۔
اس کے علاوہ گیس کمپنیوں نے آئندہ مالی سال کی مالی ضروریات کی درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں۔ سوئی ناردرن کی جانب سے 700 ارب 97 کروڑ روپے کی مالی ضروریات کی فراہمی اور 207 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ کا شارٹ فال وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
سوئی ناردرن کی جانب سے گیس کی اوسط قیمت 2485 روپے 72 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
سوئی سدرن کی جانب سے 883 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مالی ضروریات اور 44 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کے شارٹ فال کی وصولی کی درخواست دی گئی ہے جب کہ سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت 4137 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کی درخواست پر 18 اور 28 اپریل کو لاہور اور پشاور جب کہ سوئی سدرن کی درخواست پر 21 اور 23 اپریل کو کراچی اور کوئٹہ میں اوگرا کی جانب سے سماعت کی جائے گی۔