نادرا نے ملک بھر میں پوسٹ آفسز میں شناختی کارڈ کی خدمات بند کرنے کا اعلان کردیا۔ نادرا نے یہ فیصلہ عوامی آگہی کی کمی اور سروس کے کم استعمال کے باعث کیا ۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان پوسٹ کے جنرل پوسٹ آفسز (جی پی اوز) میں شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔رپورٹس کے مطابق نادرا نے تین سال قبل عوام کو آسانی سے قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ایڈریس اپ ڈیٹ اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی جیسے اہم خدمات کی فراہمی کے لئے پاکستان پوسٹ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
اس معاہدے کے تحت نادرا نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں کے جی پی اوز میں مخصوص کاؤنٹرز قائم کیے تھے۔ تاہم عوامی سطح پر اس سہولت کا استعمال کم رہا اور نادرا کے مرکزی سروس سینٹرز پر رش کم کرنے کے باوجود یہ اقدام زیادہ توجہ حاصل نہ کر سکا۔نادرا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عوامی آگہی کی کمی کی وجہ سے یہ پروگرام کامیاب نہ ہو سکا۔ سروس کی بندش کے ساتھ نادرا نے جی پی اوز میں تعینات تمام عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ سامان اور جمع شدہ سروس فیس کی رقم واپس جمع کرائیں۔
اس کے علاوہ قومی شناختی کارڈز کی ڈلیوری کے منتظر درخواست دہندگان کو ترجیح دی جا رہی ہے کہ وہ پوسٹ آفس کی کاؤنٹرز کی حتمی بندش سے پہلے اپنی دستاویزات حاصل کرلیں۔اس فیصلے کے تحت، تقریباً 83 کاؤنٹرز جو چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں واقع ہیں، متاثر ہوں گے۔
کراچی میں 10 بڑے ڈاکخانوں میں یہ خدمات فراہم کی جارہی تھیں، جن میں آئی آئی چندریگر روڈ اور صدر جی پی اوز شامل ہیں۔