بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنے مداحوں کو ایک خوشی کی خبر دے کر ان کے جوش و خروش میں اضافہ کر دیا ۔
لندن میں منعقدہ اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران معروف گلوکار نے نہ صرف اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کیا بلکہ نئے میوزک البم کی آمد کا اعلان بھی کر دیا۔
کنسرٹ کے دوران عاطف اسلم نے جذباتی انداز میں اپنی جدوجہد کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برسوں پہلے لاہور میں ایک ایسا نوجوان رہتا تھا جس کے پاس زیادہ جیب خرچ نہیں ہوتا تھا، تاہم اس کی زندگی میں دوستوں کی اہمیت بہت زیادہ تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے دوستوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا، کبھی اپنا کھانا ان کے ساتھ بانٹا اور کبھی انہیں کالج پہنچانے میں مدد کی، عاطف اسلم نے حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ اس وقت کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ یہی نوجوان دو دہائیاں بعد لندن کے او 2 ایرینا میں پرفارم کر رہا ہوگا۔
زندگی کے سفر کو بیان کرنے کے بعد عاطف نے اپنے پہلے البم کی یاد تازہ کرتے ہوئے وہ مشہور گانا ’’جل پری‘‘ پیش کیا جس نے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
کنسرٹ کی ایک خاص بات یہ بھی رہی کہ عاطف اسلم نے اپنے چوتھے اسٹوڈیو البم کی ریلیز کا اعلان کر دیا، جس پر مداحوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا تاہم گلوکار نے فی الحال البم کے نام یا اس کی دیگر تفصیلات سے پردہ نہیں اٹھایا۔
واضح رہے کہ عاطف اسلم نے اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز 2004ء میں اپنے پہلے اسٹوڈیو البم کی ریلیز سے کیا تھا، جس کے بعد وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔