نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں مکالمہ اور سفارتی روابط ہی مسائل کے پائیدار حل کا مؤثر ذریعہ ہیں، انہوں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے اور اہم علاقائی امور پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں مختلف سفارتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر اور چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ شامل ہیں، ان ملاقاتوں میں بھی خطے کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور سفارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حالیہ سفارتی سرگرمیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔