سرکاری ملازمین ہو جائیں ہوشیار، خیبر پختونخوا حکومت کو بھی خیال آگیا اور حاضری کا نیا نظام لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے اسپتالوں میں حاضری کا نیا سسٹم فیشل ریکگنیشن (چہرے سے شناخت) کا نظام لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں ضلعی ہیلتھ افسران اور ایم ایس صاحبان کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ملازمین کی رجسٹریشن اور فیشل ڈیٹا کی فوری تکمیل اور یہ ڈیٹا ضلعی سطح پر شیئر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
شعبہ صحت کے تمام ڈیپارٹمنٹس میں جدید فیشل اور بائیومیٹرک حاضری نظام لاگو کیا جائے گا اور ایک آزاد مانیٹرنگ یونٹ اس سسٹم کے نفاذ اور عملدرآمد کی نگرانی کرے گا جبکہ مانیٹرنگ یونٹ باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کرے گا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیشل ریکگنیشن سسٹم سے صحت مراکز میں شفافیت اور حاضری یقینی بنے گی جبکہ صحت ملازمین کی غیر حاضری میں کمی سے مریضوں کو بہتر سہولتیں ملیں گی۔