وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی نوید سنا دی

وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی نوید سنا دی

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ بجٹ کی تیاری کے عمل میں نجی اور سرکاری شعبے کی 98 فیصد تجاویز موصول ہو چکی ہیں، جن پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم جولائی 2025 سے حتمی بجٹ نافذ کر دیا جائے گا، اور اس کے بعد اس میں کسی قسم کی ترمیم نہیں کی جائے گی تاکہ فوری عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

محمد اورنگزیب نے بجلی کے بلوں میں مزید کمی کی خوشخبری بھی سنائی اور بتایا کہ حکومت جولائی یا اس سے قبل بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کے لیے کام کر رہی ہے، جس حوالے سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مسلسل رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں: بجلی کے بلوں میں مزید کمی کرنے پر کام جاری ہے، وزیرِ خزانہ

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ مئی میں اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا، جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں مزید فنڈز موصول ہوں گے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے طے کیے گئے تمام معاشی اہداف مکمل کر لیے گئے ہیں، اگرچہ چند ایک میں تھوڑی تاخیر ہوئی لیکن وہ بھی اب پورے کر دیے گئے ہیں۔

بجٹ سے متعلق تجاویز پر عملدرآمد کے امکانات کے بارے میں متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا جائے گا، اور جن تجاویز پر عمل ممکن نہ ہو سکا، ان کی وجوہات بھی بتائی جائیں گی۔معاشی وژن پر بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو انرجی ایفیشنسی کی طرف بڑھنا ہوگا اور برآمدات پر مبنی ترقی ہی معیشت کو مستحکم بنا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مصنوعات میں نمایاں بہتری آئی ہےاور ہمارے پاس ایسی اشیا موجود ہیں جو عالمی سطح پر پہچان حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد میں بھی ایکسپو سینٹر قائم کیا جانا چاہیے تاکہ ملکی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *