محکمہ تعلیم نے موسم گرما کے پیش نظر سرکاری اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کر دیا، جس کا اطلاق 13 اپریل 2025 سے ہو گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکولز اب صبح 7 بج کر 30 منٹ پر کھلا کریں گے اور چھٹی دوپہر 1 بجے ہوا کرے گی جبکہ جمعے کے روز ان اسکولوں میں ساڑھے 11 بجے چھٹی دی جائے گی۔
اسی طرح ڈبل شفٹ والے اسکولوں کی پہلی شفٹ کا وقت بھی صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک مقرر کیا گیا ہےاور جمعے کے روز ان کی چھٹی بھی ساڑھے 11 بجے ہو گی۔
دوسری شفٹ میں اسکولز دوپہر 2 بجے کھلا کریں گے اور چھٹی شام ساڑھے 6 بجے ہو گی جبکہ جمعے کے دن سیکنڈ شفٹ کا آغاز 2:30 بجے ہو گا اور چھٹی 5:30 بجے دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ گرمی کی شدت اور طلبہ کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ تعلیم کا سلسلہ متاثر نہ ہو اور بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور والدین کو بروقت مطلع کیا جائے۔