ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ، ہیٹ ویو الرٹ جاری

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ، ہیٹ ویو الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 14 اپریل سے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اپریل سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا اور دن کے وقت پارہ معمول سے کہیں زیادہ بلند رہے گا۔ کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ اس دوران موسم نہ صرف شدید گرم بلکہ خشک بھی رہے گا، جس سے عوام کی صحت اور روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ادھر خیبر پختونخوا میں بھی ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے وارننگ جاری کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں پیر سے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جب کہ بعض مقامات پر دوپہر اور رات کے اوقات میں گرم اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ ادارے نے عوام کو احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔

پنجاب میں بھی گرمی کی شدت بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے 13 اپریل سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ادارے کے مطابق جنوبی پنجاب کے علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی پنجاب میں 14 سے 18 اپریل تک درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زائد ہو سکتا ہے۔ لاہور سمیت کئی شہری علاقوں میں رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہے گا، جس کے سبب ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ اضلاع میں الرٹ رہیں اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل رکھیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفانوں کا خطرہ بھی موجود ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔

حکام نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو خاص طور پر احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔ کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے جائیں گے، جہاں صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ موبائل ہیلتھ ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس دیا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے، جس سے ممکنہ طور پر دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *