وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کوئی مؤثر احتجاج کرنے کے قابل نہیں رہی۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ بریگیڈ کی موجودگی میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی مشکلات کم نہیں ہوں گی بلکہ ان میں مزید اضافہ ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی گالم گلوچ بریگیڈ سے محفوظ رہیں تو ان کی مشکلات میں کافی حد تک آسانی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا 24 اور 26 نومبر کا پروگرام خودکش حملے کے مترادف تھا ۔
پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ شورش زدہ جتھا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کا حوالہ دیا اور یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا جتھا لوگوں سے لڑنے کے ساتھ ساتھ آپس میں بھی دست وگریباں ہے۔