خاتون صحافی مونا عالم نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ رابطوں سے متعلق اہم انکشاف کر دیا۔
مونا عالم نے کہا کہ اعظم سواتی اور پی ٹی آئی کے چند لوگوں کا اسٹیبلشمنٹ کیساتھ رابطہ ہوا ہے، تاہم اعظم سواتی میڈیا پر اس حوالے سے اب کوئی بیان نہیں دینا چاہتے کیونکہ میڈیا پر بیانات کی وجہ سے نقصان ہورہا ہے۔ ان کی اپنی پارٹی کی جانب سے بے پناہ مخالفت کی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ کوئی بیان نہیں دینا چاہتے۔
مونا عالم نے بتایا کہ اعظم سواتی صرف عمران خان کی جانب سے دیے گئے ٹاسک پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی اعظم سواتی پر برہم نظر آئے تھے، سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جب تک میری جانب سے فہرست میں شامل کوئی نمائندہ عمران خان سے ملاقات نہیں کرلیتا اس وقت تک کنفرم نہیں کر سکتے کہ اعظم سواتی سچ کہہ رہے ہیں یا نہیں۔ اسی وجہ سے اعظم سواتی اب میڈیا پر بیان بازی کی بجائے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ رابطوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی میں گروپس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر کے دو گروپس ہیں۔ سلمان اکرم راجہ کے گروپ میں وہ لوگ شامل ہیں جو ان کی جانب سے جیل میں ملاقات کیلئے دی گئی فہرست میں شامل ہیں جبکہ دوسرے گروپ میں خود بیرسٹر گوہر ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کے اہم لوگ بھی شامل ہیں اور دیگر اہم رہنما بھی اسی گروپ کا حصہ ہیں۔ دونوں گروپس میں تصادم کی صورتحال ہے اور اعظم سواتی کو خدشہ ہے کہ دونوں گروپس کی آپسی لڑائی کی وجہ سے ان کی کوششیں رائیگاں نہ چلی جائیں۔