سابق ناظم ملک اسد فائرنگ میں جاں بحق، ڈرائیور زخمی

کوہاٹ: سابق ضلع ناظم ملک اسد کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ بلی ٹنگ اور گمبٹ تھانوں کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملک اسد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا ڈرائیور زخمی ہوا، جسے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک اسد، مرحوم ڈی آئی جی ملک سعد کے بھائی تھے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے موٹروے پر پیش آنے والے سینیئر سول جج حیات خان، وکیل خالد خان اور سابق ضلعی ناظم کوہاٹ و ڈی آئی جی ملک سعد شہید کے بھائی ملک اسد پر قاتلانہ حملوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر مردان اور کوہاٹ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے ان افسوسناک واقعات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے ہر پہلو سے جامع تفتیش کی جائے تاکہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

آئی جی نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *