خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے گلیشیرز سے بننے والی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حساس اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان کو حساس قرار دیتے ہوئے وہاں کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی ہے جس کے باعث گلیشیئر پھٹنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جو کسی بھی وقت سیلابی صورتحال کا باعث بن سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر خبردار کیا جائے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں۔